ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ایس ایس ایل سی امتحانات کا ریاست بھر میں آغاز

ایس ایس ایل سی امتحانات کا ریاست بھر میں آغاز

Thu, 30 Mar 2017 21:53:21    S.O. News Service

بنگلورو;30/مارچ(ایس او نیوز) ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان طلبا کے تعلیمی سفر کا پہلا سنگ میل کہلانے والے ایس ایس ایل سی ا متحانات آج سے شروع ہوگئے۔راجدھانی بنگلور سمیت ریاست بھر میں 2270مراکز میں 8.14 لاکھ سے زائد طلبا نے امتحان لکھنے کا سلسلہ شروع کیا۔آج پہلے دن فرسٹ لنگویج کا امتحان منعقد ہوا۔ ریاست کے کسی بھی مرکز میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اس امتحان کو انجام تک پہنچایا گیا۔ صبح وقت مقررہ پر تقریباً تمام مراکز میں طلبا اپنے اپنے امتحانی کمروں میں داخل ہوگئے۔دور دراز سے آنے والے طلبا کی سہولت کیلئے حالانکہ پندرہ منٹ کی مہلت دی گئی تھی، لیکن ریاست بھر کے بیشتر مراکز میں طلبا کی بروقت حاضری امتحان کے اطمینان بخش ہونے کا سبب بنی۔ دھاندلیوں کے اعتبار سے ریاست کے سترا مراکز کو حساس ترین اور72 کو حساس قرار دیا گیاتھا، جہاں پر افزود حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔امتحان کو شفافیت سے مکمل کرنے اور پرچہئ سوالات کے افشاء کے خدشات کو ناکام بنانے کیلئے 226 سرکاری اسکولوں،564 ایڈڈ اسکولوں اور 364 ان ایڈڈ اسکولوں میں امتحانی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے 1184 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ امسال چودہ ہزار اسکولوں کے بچوں نے امتحان میں حصہ لیا، بچوں کی سہولت کیلئے کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی اور دیگر اضلاع کی سرکاری بسوں میں آنے جانے کیلئے ہال ٹکٹ دکھا کر مفت سفر کرنے کی سہولت طلبا کو مہیا کرائی گئی تھی۔ تمام امتحانی مراکز کے آس پاس محکمہئ تعلیمات کی طرف سے12/ اپریل تک زیراکس کی تمام دکانیں بند کرادی گئی ہیں۔ شہر کے پولیس کمشنر پروین سود کی طرف سے اس سلسلے میں احکامات صادر کرنے کے ساتھ ہر امتحانی مرکز کے دوسو میٹر کے دائرہ میں تین افراد سے زیادہ کے جمع ہونے پر پابندی لگاتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔


Share: